عوام اور ایوی ایشن انڈسٹری کیلئے بڑا ریلیف؛ جیٹ فیول کی قیمتوں میں بھاری کمی کا اعلان

04:55 PM, 30 May, 2026

کراچی:حکومت نے ملک میں ہوا بازی کی صنعت کو بحران سے نکالنے کے لیے جیٹ فیول کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑی کٹوتی کر دی ہے۔ بڑے طیاروں کے لیے استعمال ہونے والے ایندھن کی قیمت میں 48 روپے 80 پیسے فی لیٹر کی نمایاں کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 283 روپے 52 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔ اس فیصلے کے بعد ایئرلائنز کے آپریشنل اخراجات کم ہوں گے اور مسافروں کے لیے ہوائی ٹکٹ سستے ہونے کا قوی امکان ہے۔

ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی اور جنگی صورتحال کے باعث عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں شدید متاثر ہوئی تھیں، جس کی وجہ سے ملک میں جیٹ فیول کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح یعنی 517 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی تھی۔ تاہم، اب حالات میں بہتری کے ساتھ ہی حکومت کی جانب سے اب تک مجموعی طور پر 283 روپے فی لیٹر تک کا بڑا ریلیف دیا جا چکا ہے۔

رپورٹ کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے آغاز سے قبل 28 فروری کو جیٹ فیول کی قیمت 188 روپے تھی، جس کے بعد اس میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومت کے اس حالیہ اقدام سے ناصرف مقامی ایئرلائنز کو مالی استحکام ملے گا بلکہ مسافروں کو بھی کرایوں میں کمی کی صورت میں براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔

مزیدخبریں