’ستھرا پنجاب‘ سکواڈ نے عید کا سب سے بڑا صفائی چیلنج پورا کر دیا، صوبائی وزیر اطلاعات 

02:24 PM, 30 May, 2026

لاہور:وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے اعلان کیا ہے کہ حکومتِ پنجاب نے عید الاضحیٰ کے موقع پر صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا اور منظم "عید صفائی آپریشن" کامیابی سے مکمل کر لیا ہے۔ 'ستھرا پنجاب' مہم کے تحت عید کے تینوں دن متبادل انتظامات اور سخت مانیٹرنگ کے ذریعے ریکارڈ صفائی کو یقینی بنایا گیا۔

صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے میڈیا کو تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ عید کے تین دنوں کے دوران صوبے بھر سے 3 لاکھ 60 ہزار ٹن قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اٹھا کر انہیں سائنسی اور محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگایا گیا ہے۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ اس صفائی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ’ستھرا پنجاب‘ کی 60 ہزار گاڑیاں فیلڈ میں اتاری گئی تھیں، جنہوں نے آلائشیں اٹھانے کے لیے عید کے ایام میں مجموعی طور پر 60 لاکھ کلومیٹر کا طویل سفر طے کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس تاریخی آپریشن میں 1 لاکھ 84 ہزار ورکرز نے فرائض سرانجام دیے، جن کی انتھک محنت کی بدولت شہریوں کو تعفن اور گندگی سے پاک ماحول میسر آیا۔

حکومتِ پنجاب کی جانب سے عید کے دوران دن رات کام کرنے والے سینیٹیشن ورکرز اور ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا گیا ہے، جس کی بدولت صوبے بھر میں صفائی کی صورتحال مثالی رہی۔

مزیدخبریں