دوسرا ٹی 20:پاکستان کی زبردست کارکردگی، بنگلادیش کو 57 رنز سے شکست دے کر سیریز جیت لی

11:31 PM, 30 May, 2025

لاہور:قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے تین میچوں کی ٹی20 سیریز کے دوسرے مقابلے میں پاکستان نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے بنگلادیش کو 57 رنز سے ہرایا اور سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔ اب سیریز کا تیسرا اور آخری میچ یکم جون کو کھیلا جائے گا۔

یہ 2021 کے بعد پہلی بار ہے کہ پاکستان نے اپنی سرزمین پر کوئی ٹی20 سیریز اپنے نام کی ہے، جو قومی ٹیم کے لیے ایک خوش آئند لمحہ ہے۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے۔ فخر زمان کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے صاحبزادہ فرحان نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 74 رنز کی اننگز کھیلی اور نمایاں بیٹسمین رہے۔ نوجوان حسن نواز نے 26 گیندوں پر 51 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ محمد حارث نے 41 اور کپتان سلمان علی آغا نے 19 رنز کا اضافہ کیا۔

دوسری جانب، صائم ایوب 4، شاداب خان 7 اور فہیم اشرف صرف 1 رن بنا سکے۔

بنگلادیش کی بولنگ میں تنظیم حسن ثاقب اور حسن محمود نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ رشاد حسین نے ایک کھلاڑی کو پویلین واپس بھیجا۔

جواب میں مہمان ٹیم ہدف کے تعاقب میں دباؤ کا شکار رہی اور 19ویں اوور میں صرف 144 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی، یوں پاکستان نے میچ 57 رنز سے جیت لیا۔

مزیدخبریں