سندھ حکومت کا امن و امان کے لیے بڑا اقدام، عوامی مقامات پر اسلحہ دکھانے پر پابندی

07:39 PM, 30 May, 2025

کراچی: صوبہ سندھ میں امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے صوبائی حکومت نے اسلحہ کی عوامی نمائش پر 90 دن کی پابندی لگا دی ہے۔

حکومت سندھ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ پابندی صرف عام شہریوں پر لاگو ہوگی، جبکہ پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔

اعلامیے میں یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ سیکیورٹی گارڈز اپنی ڈیوٹی کے دوران اسلحہ عوامی طور پر ظاہر نہ کریں بلکہ اسے گاڑی کے اندر محفوظ رکھیں۔

اس حکم کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ ایس ایچ او کو فوری کارروائی کا اختیار دے دیا گیا ہے تاکہ قانون کی مکمل پاسداری کو یقینی بنایا جا سکے۔

یہ اقدام صوبے میں بڑھتی ہوئی سیکیورٹی چیلنجز کے پیش نظر کیا گیا ہے تاکہ عوام میں خوف و ہراس کم ہو اور شہر کا ماحول پُرامن رہے۔

مزیدخبریں