اسلام آباد :اگر آپ کا شناختی کارڈ 2017 یا اس سے پہلے کا ہے اور آپ نے ابھی تک اس کی تجدید نہیں کرائی، تو خبردار ہو جائیں! حکومت نے اعلان کیا ہے کہ زائدالمیعاد شناختی کارڈز پر رجسٹرڈ تمام موبائل سمز فوری طور پر بلاک کی جائیں گی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے نادرا ہیڈکوارٹرز کے دورے کے دوران اس پالیسی کا اعلان کیا اور بتایا کہ پہلے مرحلے میں پرانے شناختی کارڈز پر رجسٹرڈ سمز بند ہوں گی، بعد میں مزید اقدامات کیے جائیں گے تاکہ صرف فعال شناختی کارڈ رکھنے والے افراد ہی موبائل سمز رکھ سکیں۔
اجلاس میں انکشاف ہوا کہ کئی سرکاری ادارے شہریوں کی بائیومیٹرک معلومات الگ الگ ذخیرہ کر رہے ہیں، جس سے چوری اور غلط استعمال کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ اس پر وزیر داخلہ نے تمام اداروں کو نادرا کے تصدیق شدہ نظام سے ہی ڈیٹا لینے کی ہدایت دی۔
نادرا اب فیشل ریکگنیشن سسٹم بھی لا رہا ہے، تاکہ ان افراد کی شناخت ممکن ہو جو فنگر پرنٹس کے ذریعے تصدیق نہیں کروا سکتے۔
مزید یہ کہ ملک کے ان علاقوں میں بھی نادرا دفاتر قائم کیے جا رہے ہیں جہاں پہلے یہ سہولت موجود نہیں تھی۔ بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے بھی خدمات بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔