ارشد ندیم کا شاندار آغاز، 86.34 میٹر کی تھرو کے ساتھ ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے فائنل میں رسائی

09:20 AM, 30 May, 2025

سیئول : پاکستان کے مایہ ناز اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں جاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جیولن تھرو ایونٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ جنوبی کوریا میں جاری مقابلوں کے دوران ارشد نے صرف پہلی باری میں 86.34 میٹر کی شاندار تھرو کی جو کوالیفائنگ راؤنڈ کی سب سے بڑی تھرو ثابت ہوئی۔

جیولن تھرو کے گروپ اے کوالیفائنگ راؤنڈ میں بھارت کے یش نے 76.67 میٹر جبکہ پاکستان کے یاسر سلطان نے 76.07 میٹر کی تھرو کے ساتھ فائنل میں جگہ بنائی، یوں پاکستان کے دونوں اتھلیٹس نے ایونٹ کے فیصلہ کن مرحلے تک رسائی حاصل کر لی۔

ارشد ندیم کی یہ تھرو نہ صرف ان کی حالیہ بہترین فارم کو ظاہر کرتی ہے بلکہ ایشین چیمپئن شپ میں ان کے گولڈ میڈل کے مضبوط دعوے کو بھی تقویت دیتی ہے۔ جیولن تھرو کا فائنل مقابلہ 31 مئی کو منعقد ہوگا۔

یاد رہے کہ ارشد ندیم نے گزشتہ برس پیرس اولمپکس میں 92.97 میٹر کی تھرو کے ساتھ نیا اولمپک ریکارڈ قائم کرتے ہوئے طلائی تمغہ جیتا تھا، جو ان کے کیریئر کی اب تک کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔

مزیدخبریں