آسٹریا میں بچوں کی ذہنی صحت کی حفاظت کے لیے آن لائن پابندی کا منصوبہ

09:32 PM, 30 Mar, 2026

آسٹریا: آسٹریا کی حکومت نے بچوں کے آن لائن تحفظ کو مضبوط بنانے کے لیے نئے اقدامات کی منصوبہ بندی شروع کر دی ہے۔ حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ جون 2026 کے آخر تک ایک نیا قانون متعارف کروایا جائے گا، جس کے تحت 14 سال سے کم عمر بچوں کے لیے سوشل میڈیا استعمال ممنوع ہوگا۔

حکومت کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر بچوں کو اکثر دھمکیاں، توہین آمیز پیغامات اور دیگر منفی مواد کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس کے نتیجے میں ان کی ذہنی صحت متاثر ہو رہی ہے۔ اس قانون کا مقصد بچوں کو آن لائن ماحول میں محفوظ رکھنا اور ان کی ذہنی و جذباتی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔

اس کے ساتھ ہی اسکولوں میں میڈیا لٹریسی اور آن لائن معلومات کے حوالے سے آگاہی کے مضامین بھی شامل کیے جائیں گے، تاکہ بچے جھوٹی یا گمراہ کن معلومات کو پہچان سکیں اور انٹرنیٹ کا محفوظ استعمال سیکھیں۔

ابھی یہ واضح نہیں کیا گیا کہ عمر کی تصدیق کس طریقے سے کی جائے گی اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اس قانون کو کس طرح نافذ کریں گے۔

یہ اقدام آسٹریلیا میں بچوں کے لیے سوشل میڈیا پابندی کے بعد یورپ میں اسی نوعیت کے رجحان کی عکاسی کرتا ہے، جہاں کئی ممالک بچوں کی آن لائن حفاظت کے لیے نئے قوانین پر غور کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں