مریم اورنگزیب کا جناح ہسپتال کا دورہ، صفائی اور علاج کی صورتحال کی تعریف

07:15 PM, 30 Mar, 2025

لاہور: وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے عوامی بھیس اختیار کرتے ہوئے جناح ہسپتال اور لاہور چلڈرن ہاسپٹل کا معائنہ کیا۔

مریم اورنگزیب نے عام شہری کے طور پر ہسپتال کے مختلف کاونٹرز پر جا کر وارڈز کا معائنہ کیا، ادویات کی مفت فراہمی، صفائی کی حالت اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے زیر علاج مریضوں کے لواحقین سے علاج کی سہولتوں اور ادویات کی فراہمی کے بارے میں سوالات کیے۔

مریضوں کے لواحقین نے جناح ہسپتال اور لاہور چلڈرن ہاسپٹل میں صفائی، علاج اور مفت ادویات کی فراہمی میں بہتری کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام ادویات ہسپتال کی فارمیسی سے فراہم کی جا رہی ہیں۔

مریم اورنگزیب نے ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کی موجودگی کا بھی جائزہ لیا اور ایم ایس آفس کا دورہ کر کے وہاں کی کارکردگی پر وزیر اعلی کی جانب سے ایم ایس اور تمام عملے کی تعریف کی۔

یاد رہے کہ وزیر اعلی مریم نواز شریف نے 24 مارچ کو جناح ہسپتال لاہور کا اچانک دورہ کیا تھا اور بدانتظامی کی بنیاد پر ایم ایس جناح ہسپتال کو معطل کر دیا تھا۔ وزیر اعلی نے مفت ادویات کی عدم فراہمی اور مریضوں کو ادویات باہر سے خریدنے کی صورت حال پر سخت برہمی کا اظہار کیا تھا۔

اس کے بعد وزیر اعلی مریم نواز نے ہسپتالوں کی فارمیسیز کے باہر سکرینز آویزاں کرنے، سٹاک کی تفصیلات عوام کو دکھانے اور مفت دوائی کی فراہمی کے بارے میں اعلانات کرنے کی ہدایت کی تھی۔ ان اقدامات کے نتیجے میں جناح ہسپتال اور لاہور چلڈرن ہاسپٹل میں 6 دنوں کے اندر واضح بہتری دیکھنے کو ملی۔
 
 

مزیدخبریں