وزیر داخلہ محسن نقوی کا شہید میجر سعد بن زبیر کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار

12:52 PM, 30 Mar, 2025

باغ آزاد کشمیر : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید میجر سعد بن زبیر کے اہلخانہ سے تعزیت کی اور ان کے غم میں شریک ہوئے۔ وزیر داخلہ باغ آزاد کشمیر میں شہید میجر سعد کی رہائش گاہ پہنچے جہاں انہوں نے شہید کے والد محمد زبیر خان، والدہ، بھائی اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کی اور ان کے جواں سال بیٹے کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

محسن نقوی نے شہید میجر سعد کے والدین اور خاندان کے دیگر افراد کو تسلی دی اور ان کے حوصلے کو سراہا۔ انہوں نے میجر سعد کی بہادری کو خراج عقیدت پیش کیا، فاتحہ خوانی کی اور سوگوار خاندان کے لیے صبر کی دعا کی۔

وزیر داخلہ نے اس موقع پر کہا کہ "شہید میجر سعد نے اپنی جان کی قربانی دے کر قوم کا نام روشن کیا ہے، اور ان جیسے بہادر جوان ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔" انہوں نے مزید کہا کہ "شہید میجر سعد کے والدین کا حوصلہ قابلِ تعریف ہے، اور ہمارا ایمان ہے کہ شہید ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔ میجر سعد ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔"

یاد رہے کہ میجر سعد بن زبیر چند روز قبل ژوب کے علاقے سمبازہ میں شہید ہو گئے تھے۔

مزیدخبریں