طارق فاطمی کی یو این سیکرٹری جنرل سے ملاقات، کشمیر اور فلسطین کے مسائل پر گفتگو

11:57 AM, 30 Mar, 2025

اسلام آباد : وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کی، جس میں کشمیر، فلسطین اور دیگر عالمی مسائل پر بات چیت کی گئی۔ طارق فاطمی نے یو این سیکرٹری جنرل کو پاکستان کی سلامتی کونسل میں ترجیحات سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ یو این چارٹر اور امن مشنز میں اپنا کردار نبھایا ہے۔

ملاقات میں طارق فاطمی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی تسلط اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی خلاف ورزیوں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ بھارت کے اقدامات بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے تنازع کے منصفانہ حل کے لیے سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

اس کے علاوہ، طارق فاطمی نے فلسطینی عوام کے حقوق کے حوالے سے بھی بات کی اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کو فلسطینیوں کے خلاف ظلم، جبر اور دہشت گردی کی مہم روکنے پر مجبور کرے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ فلسطینیوں کو ان کے وطن سے بے دخل کرنے کی کسی تجویز کی سخت مخالفت کی جائے۔

ملاقات میں طارق فاطمی نے افغانستان سے سرحد پار دہشت گردی کا مسئلہ بھی اٹھایا اور کہا کہ اس کے خلاف اقوامِ متحدہ کی مزید مدد کی ضرورت ہے۔ یو این سیکرٹری جنرل نے اس ملاقات کے دوران پاکستان کی عالمی امن و سلامتی کے لیے خدمات اور اقوامِ متحدہ میں اس کے کردار کو سراہا۔

مزیدخبریں