سعودی عرب، امارات اور دیگر ممالک میں عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے

11:08 AM, 30 Mar, 2025

ریاض: سعودی عرب اور امارات میں عید الفطر آج مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ سعودی عرب کی مسجد الحرام اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں نماز عید کے بڑے اجتماعات ہوئے، جن میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔ مسجد الحرام میں امام کعبہ، شیخ عبدالرحمان السدیس نے نماز عید کا خطبہ دیا اور امامت کرائی، جبکہ مسجد نبوی ﷺ میں امام شیخ عبداللہ نے عید کی نماز پڑھائی۔

خادم حرمین شریفین، شاہ سلمان نے عید الفطر کے موقع پر امت مسلمہ کو مبارک باد دی اور اللہ کا شکر ادا کیا کہ رمضان کے دوران عمرہ زائرین کی خدمت کا موقع ملا۔ انہوں نے اس موقع پر مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی مشقت کو سراہا جو زائرین کی خدمت میں مصروف ہیں۔

قطر، دبئی، بحرین، کویت، ترکی اور روس میں بھی عید الفطر جوش و خروش کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ دبئی کے القصص میں 15 ہزار افراد نے عید الفطر کی نماز ادا کی، جس میں خواتین اور بچے بھی شریک ہوئے۔ ابوظہبی، شارجہ اور دیگر ریاستوں میں بھی عید کے اجتماعات ہوئے۔

دوسری جانب فلسطین میں ظلم و بربریت کا شکار مسلمان بھی آج عید الفطر منا رہے ہیں۔ بے گھر مسلمان کھلے آسمان تلے عید کی نماز ادا کر رہے ہیں، اور مسجد اقصیٰ میں نماز عید کا بڑا اجتماع ہوا جس میں ہزاروں مسلمانوں نے شرکت کی۔ نماز کے بعد دعائیں بھی کی گئیں۔

فرانس اور امریکہ کے کچھ ممالک میں بھی عید الفطر منائی جا رہی ہے، جبکہ عمان، بھارت، ملیشیا، انڈونیشیا اور برونائی میں عید الفطر پیر (31 مارچ) کو منائی جائے گی۔ برطانیہ میں مسلم کمیونٹی تقسیم ہے، بعض آج اور بعض پیر کو عید منائیں گے۔

مزیدخبریں