لاہور: پنجاب یونیورسٹی نے عالمی سطح پر تحقیق کے میدان میں اپنی برتری ثابت کرتے ہوئے ایک اور اہم اعزاز حاصل کر لیا۔ معروف عالمی ادارے نیچر پبلشنگ گروپ نے سائنسی تحقیق کے شعبے میں پنجاب یونیورسٹی کو پاکستان بھر میں پہلی پوزیشن دے دی۔
رینکنگ کے مطابق پنجاب یونیورسٹی نے 6.88 پوائنٹس حاصل کیے اور ملک کی جامعات میں سائنسی تحقیق کے حوالے سے سرفہرست قرار پائی۔ یونیورسٹی ترجمان کے مطابق یہ کامیابی ادارے میں تحقیق کے فروغ، جدید پالیسیوں اور اساتذہ و طلبہ کی مسلسل محنت کا نتیجہ ہے۔
ترجمان نے کہا کہ جنرل کیٹگری کی یونیورسٹی ہونے کے باوجود پنجاب یونیورسٹی نے سائنس کی خصوصی جامعات کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، جو تحقیقی معیار میں بہتری کا واضح ثبوت ہے۔
نیچر پبلشنگ گروپ 1869 میں قائم ہونے والا عالمی ادارہ ہے جو سائنسی تحقیقی جرائد کی اشاعت اور تحقیق کے فروغ کے حوالے سے دنیا بھر میں معتبر مقام رکھتا ہے۔