لاہور: علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بین الاقوامی ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے لیے ملک کا پہلا خودکار کیوسک نصب کیا گیا ہے۔ اس کیوسک کا افتتاح چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر اطہر وحید نے کیا۔
چیف ٹریفک آفیسر کے مطابق، اب مسافر چند منٹوں میں ایئرپورٹ پر ہی اپنا بین الاقوامی ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکتے ہیں۔ یہ سہولت پاکستان میں کسی بھی ہوائی اڈے پر پہلی بار فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ انٹرنیشنل لائسنس کے حصول کے لیے پہلے سے جاری شدہ قومی ڈرائیونگ لائسنس کا ہونا لازمی ہے۔ اس کیوسک کے ذریعے ڈرائیونگ سے متعلق دیگر خدمات بھی حاصل کی جا سکیں گی۔
ڈاکٹر اطہر وحید نے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں بھی اسی نوعیت کے کیوسک لگائے جا رہے ہیں تاکہ ٹریفک اہلکاروں اور شہریوں کو آسانی فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں ائیرپورٹ پر موجود کیوسک میں مزید سہولیات شامل کی جائیں گی۔