عافیہ صدیقی کیس: عدالت نے حکومت سے امریکا میں فریق نہ بننے کی وجہ طلب کرلی

01:43 PM, 30 Jun, 2025

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکومت سے پوچھا ہے کہ وہ امریکا میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے مقدمے میں فریق کیوں نہیں بنی۔ عدالت نے کہا کہ بغیر کسی وجہ کے ایسا فیصلہ قبول نہیں کیا جا سکتا۔

یہ سماعت ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی درخواست پر ہوئی، جو کہ ڈاکٹر عافیہ کی بہن ہیں۔ ان کے وکیل عمران شفیق عدالت میں پیش ہوئے جبکہ حکومت کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل بھی موجود تھے۔

حکومتی نمائندے نے عدالت کو بتایا کہ حکومت نے امریکا میں ڈاکٹر عافیہ کے مقدمے میں شامل ہونے سے انکار کر دیا ہے۔ اس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسا فیصلہ کرنے کی کوئی وجہ تو ہونی چاہیے۔

جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے ریمارکس دیے کہ یہ ایک آئینی عدالت ہے، اور یہاں حکومت کے فیصلے تبھی قابل قبول ہوتے ہیں جب ان کی وجوہات واضح ہوں۔

عدالت نے ہدایت دی کہ آئندہ سماعت پر اس فیصلے کی مکمل وضاحت پیش کی جائے۔ کیس کی مزید سماعت اب 4 جولائی (جمعہ) کو ہو گی۔ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کئی سالوں سے امریکا میں قید ہیں، اور ان کی رہائی کے لیے ان کی بہن فوزیہ صدیقی مسلسل آواز بلند کر رہی ہیں۔

مزیدخبریں