پنجاب میں مون سون بارشوں سے 18 افراد جاں بحق، پی ڈی ایم اے نے نقصان کے اعداد و شمار جاری کر دیے

12:51 PM, 30 Jun, 2025

لاہور: پنجاب میں حالیہ مون سون بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 18 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 57 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ یہ تفصیلات پی ڈی ایم اے (پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی) کی جانب سے جاری کی گئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں لاہور، مری، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، اٹک، گجرات، سیالکوٹ، حافظ آباد، چکوال اور ڈیرہ غازی خان میں بارشیں ہوئیں۔

بارشوں کے دوران 27 گھروں کو نقصان پہنچا، زیادہ تر ہلاکتیں کچے یا بوسیدہ گھروں اور چھتیں گرنے کی وجہ سے ہوئیں۔ خانیوال اور اوکاڑہ میں آسمانی بجلی گرنے سے دو افراد جان بحق ہوئے، جبکہ منڈی بہاؤالدین میں کرنٹ لگنے سے دو بچے جان سے گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو مالی مدد دی جائے گی۔ پی ڈی ایم اے کے ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے بتایا کہ مون سون کا پہلا مرحلہ کل تک جاری رہے گا، اور تمام دریا اور بیراج اس وقت محفوظ سطح پر ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد اور گوجرانوالہ جیسے شہروں میں اربن فلڈنگ (شہری علاقوں میں پانی بھرنے) کا خطرہ ہے، لیکن ممکنہ سیلاب کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

مزیدخبریں