واٹس ایپ کا نیا فیچر: اب اینڈرائیڈ پر بھی ڈاکومنٹس اسکین کر کے فوراً شیئر کریں

04:03 PM, 30 Jun, 2025

کیلیفورنیا : واٹس ایپ نے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کروایا ہے جس کے ذریعے اب ایپ کے اندر ہی دستاویزات (Documents) اسکین کرکے فوری طور پر پی ڈی ایف کی شکل میں بھیجے جا سکیں گے۔

اس سے پہلے یہ سہولت صرف آئی فون صارفین کے لیے دستیاب تھی، لیکن اب اینڈرائیڈ صارفین کو بھی کسی الگ اسکیننگ ایپ یا ٹول کی ضرورت نہیں ہوگی۔

ٹیک ویب سائٹ ویبیٹا انفو کے مطابق یہ فیچر فی الحال واٹس ایپ کے بیٹا ورژن میں ہے اور صرف محدود صارفین کے لیے جاری کیا گیا ہے۔

نئے فیچر کو واٹس ایپ کے Documents شیئرنگ مینو میں شامل کیا جائے گا اور یہ “Scan Document” کے نام سے نظر آئے گا۔ جیسے ہی صارف اس آپشن پر کلک کرے گا، فون کا کیمرا آن ہو جائے گا اور دستاویز کو اسکین کرنے کی سہولت ملے گی۔

اسکین کرنے کے بعد، صارفین دستاویز کا پریویو دیکھ سکیں گے، اس میں تبدیلیاں بھی کر سکیں گے، اور پی ڈی ایف کی شکل میں فوری شیئر کر سکیں گے۔ واٹس ایپ خودکار مارجن سیٹنگز تجویز کرے گا، مگر صارفین اپنی مرضی سے اسے ایڈجسٹ بھی کر سکیں گے۔

یہ فیچر خاص طور پر اُن لوگوں کے لیے فائدہ مند ہے جو روزمرہ کاموں میں جلد اسکین اور شیئر کرنے کی سہولت چاہتے ہیں — اب سب کچھ ایک ہی ایپ میں ممکن ہو گیا ہے۔

مزیدخبریں