ایران نے ایٹمی ہتھیاروں کی طرف قدم بڑھایا تو انجام بُرا ہوگا: ڈونلڈ ٹرمپ

02:53 PM, 30 Jun, 2025

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران نے ایٹمی پروگرام کو آگے بڑھایا تو یہ اس کا آخری قدم ثابت ہو سکتا ہے۔ فوکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ اگر ایران پرامن راستہ اختیار کرتا ہے تو امریکا اس پر عائد پابندیاں ہٹا سکتا ہے۔

ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران جوہری طاقت کے قریب تھا، لیکن اسے روک دیا گیا۔ "انہیں اندازہ بھی نہیں تھا کہ ہم کب اور کیسے حملہ کریں گے،" انہوں نے کہا۔ ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ امریکی آبدوزوں سے 30 میزائل داغے گئے جو اپنے ہدف پر لگے۔

ان کا کہنا تھا کہ آیت اللہ خامنہ ای انسانی حقوق سے زیادہ ایٹمی پروگرام کو اہمیت دیتے ہیں، جو تشویشناک بات ہے۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ اگر معاشی دباؤ آئے گا تو ہم بھی ٹیرف (محصولات) بڑھائیں گے۔ امریکی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے بڑے فیصلے کیے جا رہے ہیں۔

ٹک ٹاک سے متعلق بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے بتایا کہ "ایک امیر طبقہ ٹک ٹاک خریدنے کا خواہشمند ہے، اور وہ دو ہفتوں میں بتائیں گے کہ خریدار کون ہے۔" انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا کی بین الاقوامی ساکھ بحال ہو چکی ہے۔ سابق صدر پر طنز کرتے ہوئے کہا: "مجھ سے پہلے والا تو سیڑھیوں سے گرتا ہی رہتا تھا۔"

ٹرمپ نے کینیڈا پر بھی تبصرہ کرتے ہوئے کہا: "کینیڈا اچھا ملک ہے، اسے امریکا کی ایک ریاست ہونا چاہیے۔" آخر میں انہوں نے کہا کہ ایلون مسک کچھ پالیسیوں پر ناراض ہیں، خاص طور پر الیکٹرک گاڑیوں کے حوالے سے۔

مزیدخبریں