پارلیمنٹ کے عالمی دن پر صدر اور وزیراعظم کا قوم کے نام پیغام

10:40 AM, 30 Jun, 2025

اسلام آباد: پارلیمنٹ کے عالمی دن کے موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کے نام خصوصی پیغامات جاری کیے ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے پارلیمنٹ کے کردار کو سراہتے ہوئے جمہوریت، عوامی نمائندگی اور شفاف طرز حکمرانی کے لیے اس کے عزم کو اجاگر کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پارلیمنٹ ہماری جمہوریت کی بنیاد اور مرکز ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ نہ صرف قانون سازی کرتی ہے بلکہ حکومت کے کام پر نظر رکھتی ہے، احتساب کو یقینی بناتی ہے، اور عوام کے حقوق کی ترجمانی کرتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہماری پارلیمان نے صنفی مساوات، سماجی تحفظ اور عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ پاکستانی ارکانِ پارلیمنٹ عالمی سطح پر بھی ملک کی نمائندگی کر رہے ہیں اور جنوبی ایشیا کی حالیہ صورتحال میں عالمی فورمز پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کر چکے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا: آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم پارلیمنٹ کو مزید مضبوط بنائیں گے اور قانون سازی میں عوام کی آواز کو حقیقی طور پر شامل کریں گے۔

دوسری طرف، صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پارلیمان عوام کی نمائندہ اور آئین کی محافظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں جمہوریت، آزادی، شمولیت، رواداری اور انصاف جیسے اصولوں پر کاربند رہنا ہے۔

صدر زرداری نے کہا کہ پارلیمنٹ ملک میں شفاف طرز حکمرانی، قومی پالیسی سازی، اور عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے پارلیمان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ ملک کو بہتر بنانے اور اداروں کو مستحکم کرنے کے لیے سرگرم ہے۔

صدر نے اپنے پیغام کے آخر میں کہا: آئیے ہم سب مل کر ایک ایسا پاکستان بنائیں جہاں جمہوریت فروغ پائے، عوام کی آواز سنی جائے اور ادارے مضبوط ہوں۔

مزیدخبریں