پاکستان نے ہمارے جنگی طیارے گرائے، نقصان سیاسی فیصلوں کی وجہ سے ہوا ، بھارتی دفاعی اتاشی کا بڑا انکشاف

09:32 AM, 30 Jun, 2025

جکارتہ / نئی دہلی  : بھارتی نیوی کے افسر اور انڈونیشیا میں تعینات دفاعی اتاشی کیپٹن شیو کمار نے پہلی بار یہ تسلیم کیا ہے کہ پاکستان نے بھارت کے جنگی طیارے مار گرائے تھے، اور اس نقصان کی ایک بڑی وجہ بھارت کی سیاسی قیادت کی طرف سے دی جانے والی محدود ہدایات تھیں۔

انڈونیشیا میں ایک دفاعی سیمینار کے دوران کیپٹن شیو کمار نے کہا "ہم نے کچھ طیارے کھوئے، لیکن ہماری ایئر فورس کو مکمل اجازت نہیں دی گئی کہ وہ پاکستان کے فضائی دفاع یا فوجی تنصیبات کو نشانہ بنائے۔" ان کا کہنا تھا کہ اگر ایئر فورس کو کھلی چھوٹ دی جاتی تو نقصان کم ہو سکتا تھا۔ تاہم، انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ کتنے طیارے تباہ ہوئے۔

اس بیان کے بعد بھارت میں سیاسی ہلچل مچ گئی ہے۔ اپوزیشن جماعت کانگریس نے مودی حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے قوم کو گمراہ کیا اور اصل حقائق چھپائے۔ کانگریس نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت واضح کرے کہ آپریشن سندور یا بالاکوٹ حملے کے دوران بھارت کو کتنا نقصان اٹھانا پڑا۔

بھارتی سفارتخانے نے اس بیان پر وضاحت جاری کی ہے کہ کیپٹن شیو کمار کی بات کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا، اور ان کے الفاظ کو اصل سیاق وسباق سے ہٹا کر رپورٹ کیا گیا ہے۔

یہ بیان ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب فروری 2019 کے بالاکوٹ واقعے کے اثرات اب بھی پاک بھارت تعلقات پر موجود ہیں۔ اس وقت بھارت نے فضائی حملے کا دعویٰ کیا تھا، جس کے بعد پاکستان نے دو بھارتی طیارے مار گرائے تھے، اور ایک پائلٹ کو گرفتار بھی کیا گیا تھا

مزیدخبریں