آئی سی سی ورلڈ کپ 2027، 12 میزبان وینیوز کا انتخاب کر لیا گیا

11:21 PM, 30 Jul, 2026

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈ کپ 2027 کے لیے مقابلوں کے انعقاد کی جگہوں کا اعلان کر دیا ہے۔ آئندہ عالمی کپ جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا کی مشترکہ میزبانی میں کھیلا جائے گا، جس کے باعث 24 سال کے طویل عرصے بعد ایک مرتبہ پھر کرکٹ کا سب سے بڑا ایک روزہ ٹورنامنٹ افریقہ میں منعقد ہوگا۔

جوہانسبرگ میں ہونے والی تقریب میں ٹورنامنٹ کی نئی شناخت اور برانڈنگ بھی جاری کی گئی، جس کا عنوان "Three Nations, One Heartbeat" رکھا گیا ہے۔ یہ عنوان تینوں میزبان ممالک کے درمیان یکجہتی، ثقافتی رنگا رنگی اور مشترکہ جذبے کو ظاہر کرتا ہے۔

آئی سی سی کے مطابق ورلڈ کپ 2027 میں دنیا کی 14 بہترین ٹیمیں شرکت کریں گی، جبکہ ایونٹ کے دوران مجموعی طور پر 57 میچز کھیلے جائیں گے۔ اس بار ٹورنامنٹ کے لیے نیا تین مرحلوں پر مبنی فارمیٹ متعارف کرایا گیا ہے، جس کا مقصد مقابلوں کو مزید دلچسپ، متوازن اور سنسنی خیز بنانا ہے۔

نئے طریقہ کار کے تحت پہلے مرحلے میں رینکنگ میں 12ویں، 13ویں اور 14ویں نمبر پر موجود ٹیمیں سپر سیریز میں مقابلہ کریں گی۔ اس مرحلے کی فاتح ٹیم مرکزی ٹورنامنٹ کے اگلے راؤنڈ میں شامل ہو جائے گی۔

اس کے بعد 12 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، جہاں ہر گروپ کی چھ ٹیمیں راؤنڈ رابن فارمیٹ کے تحت ایک دوسرے کے خلاف کھیلیں گی۔ دونوں گروپس کی ابتدائی تین، تین ٹیمیں جبکہ چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں میں سے بہترین ریکارڈ رکھنے والی ایک ٹیم سپر سیون مرحلے کے لیے کوالیفائی کرے گی۔

سپر سیون مرحلے میں سات ٹیمیں 21 میچز کھیلیں گی، جس کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل کی ٹاپ چار ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچ جائیں گی۔ پہلے سیمی فائنل میں پہلی پوزیشن والی ٹیم کا سامنا چوتھی پوزیشن والی ٹیم سے ہوگا، جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں گی۔

آئی سی سی چیئرمین جے شاہ نے کہا کہ ورلڈ کپ 2027 کے میزبان شہروں اور برانڈنگ کا اعلان ایونٹ کی تیاریوں میں اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ طویل عرصے بعد افریقہ میں عالمی کپ کا انعقاد کرکٹ کے لیے ایک یادگار موقع ہوگا اور جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا بہترین انداز میں اس ایونٹ کی میزبانی کریں گے۔

آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو سنجوگ گپتا کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ 2027 صرف کرکٹ کا ایک بڑا مقابلہ نہیں بلکہ افریقی خطے کی ثقافت، روایات، مہمان نوازی اور کھیل سے محبت کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا ذریعہ بھی بنے گا۔

تقریب میں جنوبی افریقہ کے سابق اور موجودہ کرکٹرز گریم اسمتھ، مخایا نتینی، ہاشم آملہ، ٹیمبا باووما اور کاگیسو ربادا کے علاوہ زمبابوے کے ہیملٹن مساکادزا اور نمیبیا کے روڈولف جانسن وین ووورین نے بھی شرکت کی۔
 
 

مزیدخبریں