خضدار میں دہشت گردوں کے خلاف بڑی کارروائی، 4 ہلاک، دھماکا خیز مواد سے لدی 2 گاڑیاں تباہ

10:05 PM, 30 Jul, 2026

راولپنڈی: بلوچستان کے ضلع خضدار میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات پر مبنی ایک کامیاب کارروائی کے دوران چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد سے لدی دو گاڑیوں کو بھی تباہ کر کے دہشت گردی کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کارروائی اس اطلاع کے بعد عمل میں لائی گئی کہ فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد علاقے میں موجود ہیں۔ انٹیلی جنس اطلاعات کی روشنی میں فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بارودی مواد سے بھری دو گاڑیوں کی نشاندہی کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں گاڑیوں کو موقع پر ہی تباہ کر دیا۔ کارروائی کے دوران گاڑیوں کو استعمال کرنے والے بھارتی سرپرستی میں سرگرم چار دہشت گرد بھی مارے گئے۔

فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ علاقے کو مکمل طور پر دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن جاری ہے، تاکہ وہاں موجود کسی بھی ممکنہ دہشت گرد کو قانون کی گرفت میں لایا جا سکے یا اس کا خاتمہ کیا جا سکے۔
 

مزیدخبریں