کشمیر کو مضبوط، خوشحال اور بااختیار دیکھنا چاہتے ہیں:بلاول بھٹو زرداری

06:47 PM, 30 Jul, 2026

مظفر آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مظفر آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ کشمیری عوام اور ان کی منتخب اسمبلی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ کشمیر میں امن، انصاف اور ترقی کا خواب لے کر عوام کے سامنے آئے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حقِ حاکمیت کا مطلب یہ ہے کہ عوام کے فیصلے ووٹ کے ذریعے ہوں اور انتخابات میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ کی چوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور انتخابی شکایات کو شفاف انداز میں سنا جانا چاہیے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ انتخابات سے متعلق تمام ریکارڈ سامنے لایا جائے اور 2 اگست سے قبل تمام شکایات کی کھلی سماعت کی جائے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ الیکشن کے بعد آئینی کنونشن منعقد کیا جائے گا جس میں تمام سیاسی جماعتیں شریک ہوں گی۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ کشمیر کو مضبوط، خوشحال اور بااختیار دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کو پنجاب یا سندھ کی طرز پر نہیں بلکہ اپنی شناخت اور اختیارات کے ساتھ ترقی دینی چاہیے۔

بلاول بھٹو نے کشمیری مہاجرین کے مسائل حل کرنے اور انہیں حقیقی نمائندگی دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیری مہاجرین تاریخ، تحریک اور ریاستی جدوجہد کا اہم حصہ ہیں۔

جلسے میں مسلم لیگ (ن) پر تنقید کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ اگرچہ لاہور میں ترقیاتی کام ہوئے، تاہم کشمیر میں عوامی مسائل کے حل پر توجہ نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مظفر آباد کے عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز تک ملنی چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل کے فیصلے کرنے والے اداروں میں کشمیر کی نمائندگی ہونی چاہیے اور کشمیریوں کو سینیٹ اور قومی اسمبلی میں آبزرور کا اسٹیٹس دلوانے کی کوشش کی جائے گی۔

انہوں نے میرپور انتخابات سے متعلق شکایات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ثبوت اور ویڈیوز الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کیے گئے، تاہم اس کے باوجود نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

مزیدخبریں