پاکستان کی ترقی کیلئے نظام کی بہتری ضروری ہے، ایس ایم تنویر

04:55 PM, 30 Jul, 2026

اسلام آباد: پیٹرن انچیف یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ پاکستان قدرتی وسائل اور ٹیلنٹ سے بھرپور ملک ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ معاشی نظام کو بہتر بنا کر ترقی کے مواقع پیدا کیے جائیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایم تنویر نے کہا کہ پاکستان ایک خوبصورت اور باصلاحیت ملک ہے، جبکہ حکومت کی جانب سے معیشت کی بہتری کیلئے کیے جانے والے اقدامات قابلِ ستائش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم محنتی قوم ہیں، لیکن اس کے باوجود خساروں، بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور معاشی مشکلات کا سامنا ہے۔ پاکستان کو اپنے وسائل سے فائدہ اٹھا کر خود انحصاری کی جانب بڑھنا ہوگا۔

ایس ایم تنویر نے کہا کہ بھاری ٹیکسز کے باعث صنعتوں کا قیام متاثر ہوتا ہے، جبکہ کاروباری طبقے کو سہولیات فراہم کیے بغیر معیشت مضبوط نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کے پاس ملکی معیشت کو بہتر کرنے کا حل موجود ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان 170 ارب ڈالر تک برآمدات کر سکتا ہے، جبکہ اس وقت برآمدات تقریباً 30 ارب ڈالر کے قریب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نظام میں موجود خامیوں کو دور کرنا ہوگا تاکہ کاروبار اور صنعت کو فروغ مل سکے۔

پیٹرن انچیف یو بی جی نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کو ہراساں کرنے کے بجائے اعتماد اور سہولتیں فراہم کی جائیں، کیونکہ یہی طبقہ روزگار کے مواقع پیدا کر رہا ہے اور ملکی معیشت میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔

ایس ایم تنویر نے کہا کہ نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ بے روزگاری میں اضافہ معاشرتی مسائل کو جنم دے سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام وسائل موجود ہیں، اس کے باوجود عالمی مالیاتی اداروں سے رجوع کرنا پڑتا ہے، جس کی وجوہات کا جائزہ لے کر نظام کو درست کرنا ہوگا۔

مزیدخبریں