پاکستان کے لیے خوش آئند پیش رفت، سعودی عرب نے 5 ارب ڈالر کا قرض رول اوور کر دیا

10:49 AM, 30 Jul, 2026

اسلام آباد: پاکستان کے لیے اہم مالیاتی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں سعودی عرب نے 5 ارب ڈالر کے قرض کو رول اوور کرتے ہوئے اس کی واپسی کی مدت تین سال تک بڑھا دی ہے۔

ذرائع کے مطابق، یہ قرض پاکستان کو بیرونی مالی ضروریات پوری کرنے کے لیے فراہم کیا گیا تھا، جس میں متحدہ عرب امارات کو کی جانے والی ادائیگیاں بھی شامل تھیں۔ ابتدا میں یہ مالی سہولت صرف تین ماہ کے لیے دی گئی تھی، تاہم سعودی حکومت نے اب اس قرض کی مدت میں مزید تین سال کی توسیع کر دی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قرض کی مدت میں اضافے سے پاکستان کو فوری طور پر بڑی رقم واپس کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی، جس کے باعث زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ کم ہوگا اور بیرونی مالیاتی صورتحال میں بہتری آنے کی توقع ہے۔

معاشی ماہرین کے مطابق، سعودی عرب کا یہ اقدام پاکستان کے لیے ایک اہم مالیاتی سہارا ثابت ہو سکتا ہے اور اس سے ملکی معیشت کو قلیل مدت میں استحکام حاصل ہونے میں مدد ملے گی۔

مزیدخبریں