دہشت گردی کے خلاف اقدامات پر صدر زرداری کو بریفنگ، امن و امان پر تبادلۂ خیال

09:58 AM, 30 Jul, 2026

اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے ایوانِ صدر میں ملاقات کی، جس کے دوران ملک کی مجموعی امن و امان کی صورتحال اور قومی سکیورٹی سے متعلق اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں اور سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے صدرِ مملکت کو دہشت گردی کے تدارک کے لیے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

صدر آصف علی زرداری نے دہشت گردی کے خلاف پاک افواج، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ قوم اپنی سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کی قدر کرتی ہے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔

ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر قومی معاملات پر بھی تفصیلی مشاورت کی گئی۔

مزیدخبریں