لاہور: پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے ہاکی ورلڈ کپ سے قبل قومی ٹیم کی قیادت تبدیل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ابوبکر کو نیا کپتان مقرر کر دیا ہے، جبکہ سابق کپتان عماد شکیل بٹ بطور سینئر کھلاڑی ٹیم کا حصہ رہیں گے۔
فیڈریشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کپتانی میں تبدیلی پروفیشنل ڈیولپمنٹ کمیٹی کی سفارش پر عمل میں لائی گئی، جس کی منظوری پی ایچ ایف کے صدر محی الدین احمد وانی نے دی۔ ابوبکر آئندہ تمام بین الاقوامی مقابلوں میں قومی ٹیم کی قیادت کریں گے۔
پی ایچ ایف کا کہنا ہے کہ عماد شکیل بٹ کی خدمات بدستور قومی ٹیم کے لیے اہم ہیں اور ان کا تجربہ نوجوان کھلاڑیوں کی رہنمائی میں معاون ثابت ہوگا۔
فیڈریشن نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ نئے قائد کی سربراہی میں سینئر اور نوجوان کھلاڑیوں کا امتزاج ٹیم کو مزید مضبوط بنائے گا اور آنے والے ایونٹس میں بہتر نتائج حاصل کرنے میں مدد دے گا۔
شیڈول کے مطابق ابوبکر 30 جولائی کو جنوبی کوریا کے خلاف ہوم سیریز میں پہلی بار بطور کپتان میدان میں اتریں گے، جبکہ ہاکی ورلڈ کپ کا آغاز 15 اگست سے ہوگا۔