اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے رواں مالی سال میں انسانی سمگلنگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 1368 اسمگلروں کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار ملزمان میں یونان کشتی حادثات میں ملوث 91 سمگلر اور ریڈ بک میں شامل 16 انتہائی مطلوب افراد بھی شامل ہیں۔
ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق، ملزمان کی مجموعی جائیداد کی مالیت 955 ملین روپے سے زائد ضبط کی گئی ہے اور 239 ملین روپے کے بینک اکاؤنٹس منجمد کیے گئے ہیں۔ انٹرپول کے ذریعے ریڈ نوٹسز بھی جاری کیے گئے ہیں تاکہ مزید ملزمان کو گرفتار کیا جا سکے۔
ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار راجہ نے کہا کہ انسانی جانوں کے ساتھ کھیلنے والوں کو قانون کے تحت سخت سزا دی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اجتماعی کوششوں سے ہی انسانی اسمگلنگ کا خاتمہ ممکن ہے۔