نام نہاد 'آپریشن سندور' پر پاکستان کا ردعمل: بھارتی الزامات بے بنیاد اور اشتعال انگیز قرار

05:34 PM, 30 Jul, 2025

اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی پارلیمنٹ میں نام نہاد ’آپریشن سندور‘ سے متعلق پیش کیے گئے الزامات اور بیانات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد، گمراہ کن اور خطرناک قرار دیا ہے۔


دفتر خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارتی قیادت کی جانب سے دیے گئے بیانات نہ صرف حقائق کے منافی ہیں بلکہ جنگی جنون کو ہوا دینے کی کوشش ہیں، جن کا مقصد اندرونی سیاسی فائدہ حاصل کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب جس کارروائی کو "دہشت گردی کے ڈھانچے" پر حملہ قرار دیا، درحقیقت اس میں معصوم شہری، خواتین اور بچے نشانہ بنے۔ اس حملے کے لیے بھارت کے پاس نہ تو کوئی قابل اعتماد ثبوت تھا اور نہ ہی تحقیقات کی نیت۔

ترجمان کے مطابق، بھارت نے پاکستان کی شفاف تحقیقات کی پیشکش کو رد کرتے ہوئے طاقت کا راستہ اختیار کیا اور خود ہی الزام لگانے، فیصلہ سنانے اور کارروائی کرنے والا بن گیا۔

پاکستان نے بھارتی وزیر داخلہ کے ’آپریشن مہادیو‘ سے متعلق حالیہ بیانات کو بھی جھوٹ پر مبنی قرار دیا اور کہا کہ ان بیانات سے خود بھارتی بیانیے کی ساکھ پر سوالات کھڑے ہو گئے ہیں۔

ترجمان نے دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر جارحیت کا موثر جواب دے گا اور ہمارے لیے دوطرفہ تعلقات میں "نیا معمول" صرف اقوام متحدہ کے اصولوں، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام پر مبنی ہو سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کی کوشش بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، جس پر بھارت کو فخر نہیں بلکہ شرمندگی ہونی چاہیے۔

پاکستان نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن، استحکام اور جموں و کشمیر سمیت تمام تنازعات کے حل کے لیے بامعنی اور سنجیدہ بات چیت کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔

مزیدخبریں