دبئی : آئی سی سی نے تینوں فارمیٹس کی نئی پلیئر رینکنگ جاری کر دی ہے، جس کے تحت انگلینڈ کے جو روٹ نے ٹیسٹ کرکٹ میں، بھارت کے شبھمن گل نے ون ڈے کرکٹ میں اور بھارت کے ہیرو ابھیشک شرما نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
ٹیسٹ بیٹرز رینکنگ میں جو روٹ کا پہلا نمبر برقرار ہے، جبکہ نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن دوسرے، اور انگلینڈ کے ہیری بروک تیسرے نمبر پر ہیں۔ اسٹیو سمتھ کا چوتھا اور جنوبی افریقا کے ٹیمبا باووما کا پانچواں نمبر ہے۔ پاکستان کے سعود شکیل کی پوزیشن 12ویں نمبر پر برقرار ہے۔ٹیسٹ باؤلرز کی رینکنگ میں بھارت کے جسپریت بمرا کا پہلا نمبر ہے، جنوبی افریقا کے ربادا دوسرے، اور آسٹریلیا کے پیٹ کمنز تیسرے نمبر پر ہیں۔ پاکستان کے نعمان علی پانچویں پوزیشن پر ہیں۔
ٹیسٹ آل راؤنڈرز میں بھارت کے رویندرا جدیجا نے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے، جبکہ انگلینڈ کے بین اسٹوکس 3 درجے بہتری کے ساتھ تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
ون ڈے بیٹرز کی رینکنگ میں بھارت کے شبھمن گل پہلے نمبر پر ہیں، اور پاکستان کے بابراعظم دوسرے نمبر پر ہیں۔ سری لنکا کے چیریتھ اسالنکا 6ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ ون ڈے باؤلرز کی رینکنگ میں سری لنکا کے مہیش تھیکشانہ کا پہلا نمبر ہے، جبکہ پاکستان کے شاہین آفریدی 12ویں نمبر پر ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی بیٹرز میں بھارت کے ابھیشک شرما نے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے، آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ دوسرے نمبر پر ہیں، اور پاکستان کے بابراعظم 14ویں نمبر پر ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی باؤلرز کی رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی کا پہلا نمبر برقرار ہے، اور پاکستان کے باؤلرز ٹاپ 20 میں شامل نہیں ہیں۔