2028 لاس اینجلس اولمپکس کے لیے کرکٹ کوالیفیکیشن فارمولہ طے

01:41 PM, 30 Jul, 2025

لاس اینجلس : انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 2028 میں ہونے والے لاس اینجلس اولمپکس کے لیے کرکٹ کی مینز ٹیموں کے کوالیفیکیشن کا طریقہ کار متعارف کروا دیا ہے۔ آئی سی سی نے فیصلہ کیا ہے کہ اولمپک کرکٹ میں شامل ہونے والی ٹیمیں ریجنل فارمولے کے تحت کوالیفائی کریں گی، جس میں ایشیا، اوشنیا، افریقا اور یورپ کے ٹاپ رینک ٹیموں کو براہ راست کوالیفائی کرنے کا موقع دیا جائے گا۔

امریکا بحیثیت میزبان ملک خود بخود اولمپکس میں شریک ہوگا، لیکن چھٹی ٹیم کے کوالیفکیشن کا طریقہ ابھی طے نہیں کیا گیا۔

اس نئے فارمولے پر پاکستان اور نیوزی لینڈ کے کرکٹ بورڈز نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔ دونوں بورڈز کا کہنا ہے کہ اس فارمولے کے تحت پاکستان کے لیے اولمپکس میں براہ راست جگہ بنانا مشکل ہو جائے گا کیونکہ پاکستان کی موجودہ رینکنگ آٹھویں ہے۔ دوسری طرف، بھارت ٹاپ رینک ہونے کی وجہ سے اولمپکس میں خود بخود کوالیفائی کر جائے گا۔

نیوزی لینڈ، جو اوشنیا ریجن میں چوتھے نمبر پر ہے، اس فارمولے کے تحت اولمپکس میں نہیں جا سکے گا، جبکہ آسٹریلیا جو عالمی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر ہے، اوشنیا سے کوالیفائی کرے گا۔ امریکا، جو رینکنگ میں 17ویں نمبر پر ہے، میزبان ملک ہونے کی وجہ سے خود بخود کوالیفائی کرے گا۔ یورپ سے برطانیہ کی ٹیم اولمپکس کے لیے منتخب ہو گی، اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ سکاٹ لینڈ اور آئرلینڈ کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے۔

ویمنز کرکٹ ٹیموں کے لیے کوالیفکیشن کا فیصلہ اگلے سال ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے نتائج پر منحصر ہوگا۔ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے آئی سی سی کے اس ریجنل کوالیفائنگ فارمیٹ کی حمایت کی ہے۔

اس سال کے آخر میں، 128 سال بعد کرکٹ اولمپکس میں واپس آئے گا، اور مینز اور ویمنز کرکٹ دونوں کے لیے 6، 6 ٹیمیں شریک ہوں گی۔

مزیدخبریں