وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا بچوں کی غیر قانونی سمگلنگ کے خلاف سخت موقف

01:06 PM, 30 Jul, 2025

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ بچوں کی غیر قانونی سمگلنگ کو روکنا پنجاب حکومت کی سب سے بڑی ترجیح ہے۔ انسانی سمگلنگ کے خلاف عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ یہ دراصل غلامی کی جدید شکل ہے اور اس کا خاتمہ پنجاب حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس دن کا مقصد عوام میں اس سنگین جرم کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہے تاکہ لوگ اس کے اثرات اور خطرات کو بہتر طریقے سے سمجھ سکیں۔ مریم نواز نے افسوس کا اظہار کیا کہ غیر قانونی راستوں سے یورپ جانے کی کوشش کرتے ہوئے کشتی کے ڈوبنے سے کئی افراد کی موت ایک بہت بڑا انسانی المیہ بن چکا ہے۔

وزیراعلیٰ نے انسانی سمگلنگ کرنے والوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ صرف پیسے کی لالچ میں معصوم انسانوں کی زندگیوں سے کھیلتے ہیں۔ مریم نواز نے واضح کیا کہ "بچے میری ریڈ لائن ہیں، ان کی حفاظت میری اولین ترجیح ہے"۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت بچوں کے استحصال کے خلاف سخت پالیسی اپنائے ہوئے ہے اور کسی بھی صورت میں انسانی سمگلنگ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ والدین سے اپیل کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ وہ اپنے بچوں کو غیر قانونی طریقوں سے بیرونِ ملک بھیجنے سے گریز کریں۔

وزیراعلیٰ نے عوام سے بھی کہا کہ وہ غیر ملکی سفر کے لیے صرف جائز اور محفوظ ذرائع کا انتخاب کریں تاکہ کسی قسم کے خطرے سے بچا جا سکے۔ مریم نواز نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ پنجاب حکومت ہر ممکن وسائل استعمال کرتے ہوئے انسانی سمگلنگ کا خاتمہ کرے گی، تاکہ ہر بچہ اور شہری ایک محفوظ اور روشن مستقبل کی طرف بڑھ سکے۔

مزیدخبریں