لاہور: آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کی عالمی ٹرافی اپنے خصوصی دورے پر زندہ دلانِ لاہور کے شہر پہنچ گئی ہے۔ ٹرافی کی آمد نے شہر میں کرکٹ کے بخار کو مزید تیز کر دیا ہے، جہاں نجی کالج سے لے کر قذافی سٹیڈیم تک جشن کا سماں تھا۔
ٹرافی کے سفر کا آغاز لاہور کے ایک نجی کالج سے ہوا، جہاں رونمائی کی تقریب کو ویمنز کرکٹ میچز کے ساتھ جوڑا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی، آسٹریلوی ہائی کمشنر نے ٹرافی کے ساتھ تصویریں بنوائیں اور پاکستانی طالبات کے کھیل کے جنون کو سراہا۔ اس موقع پر طالبات نے بھی ورلڈ کپ ٹرافی کے ساتھ سیلفیاں بنا کر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔
آسٹریلوی ہائی کمشنر نے اپنے خطاب میں اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پاکستانی خواتین کو کھیل کے میدان میں بااختیار دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا نچلی سطح پر گرلز کرکٹ کی حوصلہ افزائی کر کے پاکستان کے روشن مستقبل میں اپنا حصہ ڈال رہا ہے، ٹرافی کے لاہور ٹور کو یادگار بنانے کے لیے پی سی بی نے جامع پلان تیار کیا ہے۔قذافی اسٹیڈیم کے باہر پی سی بی شاپ پر ٹرافی کو عام شائقین کے دیکھنے کے لیے رکھا جائے گا۔
پاک۔ آسٹریلیا سیریز: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرے اور تیسرے ٹی 20 میچ کے دوران بھی ٹرافی سٹیڈیم میں موجود رہے گی، جہاں میڈیا اور مہمان اس کا نظارہ کر سکیں گے۔نامور کرکٹرز کے ساتھ ٹرافی کا خصوصی فوٹو شوٹ بھی کیا جائے گا جو سوشل میڈیا پر جاری ہوگا۔
لاہور میں ورلڈ کپ ٹرافی کا جادو چل گیا، آسٹریلوی ہائی کمشنر اور طالبات کا بھرپور استقبال
04:10 PM, 30 Jan, 2026