کراچی : میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ایم کیو ایم کی سیاست کو "مفاد پرستی" قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جو جماعت اپنے کارکنوں کی وفادار نہ رہ سکی، وہ شہر کے مفاد میں کیا بات کرے گی۔ گل پلازہ کے متاثرین سے ہمدردی کے بجائے سیاست کرنے پر انہوں نے ایم کیو ایم اور وفاقی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔
مرتضیٰ وہاب نے ایم کیو ایم کے مطالبات کو غیر منطقی قرار دیتے ہوئے کہاایم کیو ایم کا بس چلے تو کل یہ مطالبہ کر دیں کہ گل پلازہ سانحے کی تحقیقات ڈبلیو ایچ او (WHO) سے کرائی جائیں۔ انہوں نے سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ چندہ خوروں اور کھالیں کھینچنے والوں سے کسی تعمیری گفتگو کی امید نہیں رکھی جا سکتی۔
میئر کراچی نے وفاقی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے موازنہ پیش کیا پورے سانحے پر وفاق کی خاموشی معنی خیز ہے، ابھی تک ایک تعزیتی بیان تک جاری نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ جب بولٹن مارکیٹ کا سانحہ ہوا تھا تو پیپلز پارٹی کی وفاقی حکومت نے متاثرین کی بحالی کے لیے فوری فنڈز جاری کیے تھے۔علی خورشیدی میرے بھائی ہیں، انہیں چاہیے کہ پوائنٹ اسکورنگ کے بجائے اپنے وزیراعظم سے کراچی کے لیے فنڈز مانگیں۔
مرتضیٰ وہاب نے یقین دہانی کرائی کہ سندھ حکومت اور بلدیہ عظمیٰ کراچی سانحہ گل پلازہ جیسے واقعات سے سبق حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم شہر کے انفراسٹرکچر اور حفاظتی انتظامات کو بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہیں تاکہ مستقبل میں ایسے نقصانات سے بچا جا سکے۔
"چندہ اور کھالیں جمع کرنے والوں سے کیا بات کریں؟" میئر کراچی کا ایم کیو ایم پر تیکھا وار
01:47 PM, 30 Jan, 2026