وادی لیپہ : جہاں خون جما دینے والی سردی اور کئی فٹ برف نے وادی لیپہ کا رخ زندگی سے موڑ دیا، وہیں پاک فوج کے جوانوں نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ ہر مشکل گھڑی میں قوم کے سچے محافظ ہیں۔ شدید برف باری کے باوجود پاک فوج کے دستے "عوامی خدمت" کے مشن پر نکل پڑے ہیں اور دشوار گزار پہاڑی سلسلوں میں زندگی کی رمق بحال کر رہے ہیں۔
وادی لیپہ میں مسلسل برف باری کے باعث نظامِ زندگی تھم کر رہ گیا تھا، جسے بحال کرنے کے لیے پاک فوج نے ہنگامی آپریشن شروع کیا۔ فوجی جوانوں نے کٹھن حالات میں دن رات کام کر کے مرکزی شاہراہوں اور لنک روڈز سے برف ہٹا دی، جس سے محصور دیہاتوں کا رابطہ شہر سے دوبارہ قائم ہو گیا۔
جہاں مشینری نہ پہنچ سکی، وہاں جوانوں نے اپنے ہاتھوں سے برف ہٹا کر پیدل راستوں کو ہموار کیا تاکہ اشیائے خورونوش کی فراہمی ممکن ہو سکے۔
اس ریلیف آپریشن کا سب سے درخشاں پہلو ایک خاتون کو طبی ایمرجنسی کے دوران ریسکیو کرنا تھا۔ طبی سہولیات سے دور برفانی علاقے میں ایک خاتون کی حالت بگڑی تو پاک فوج کے جوانوں نے ناممکن کو ممکن بناتے ہوئے انہیں بروقت ریسکیو کیا اور طبی مرکز منتقل کر کے ایک قیمتی انسانی جان بچالی۔
وادی لیپہ کے مکینوں نے پاک فوج کی اس بے لوث خدمت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ "جب راستے بند ہوتے ہیں تو صرف فوج ہی ہمارے لیے امید کی کرن بن کر آتی ہے۔" پاک فوج کا عزم ہے کہ جب تک موسم کی سختی برقرار ہے، ان کا امدادی مشن بھی پوری شدت سے جاری رہے گا۔
منجمد درجہ حرارت بھی پاک فوج کے جذبوں کو نہ روک سکا؛ وادی لیپہ کے برفانی رستوں پر خدمت کی نئی داستان
12:43 PM, 30 Jan, 2026