سندھ حکومت کا شہریوں کے لیے سفری سہولتوں کا بڑا اقدام،ڈبل ڈیکر بس سروس شروع 

05:00 PM, 30 Dec, 2025

کراچی: سندھ کے سینئر وزیر برائے ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے اعلان کیا ہے کہ کراچی میں کل سے ڈبل ڈیکر بس سروس شروع ہو رہی ہے، جو ملیر سے شاہراہِ فیصل تک چلائی جائے گی۔ اس سے ٹریفک کے مسائل میں کمی آئے گی اور روزانہ تقریباً ایک لاکھ شہری بہتر سفری سہولیات سے مستفید ہوں گے۔

شرجیل میمن نے بتایا کہ سندھ حکومت نے اورنج لائن بی آر ٹی منصوبہ مکمل کیا، جو ابتدا میں صرف چار کلومیٹر کے کوریڈور پر مشتمل تھا۔ اب عوام کو معیاری سہولیات فراہم کرنے کے لیے اورنج اور گرین لائن بی آر ٹی کی انٹیگریشن کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاکہ ایک ہی کارڈ سے دونوں سروسز پر سفر ممکن ہو۔

انہوں نے کہا کہ نئی الیکٹرک بسیں کراچی پہنچ چکی ہیں اور ان کے روٹس کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ پیپلز پارٹی نے خواتین کے لیے پنک بس سروس متعارف کرائی ہے، جبکہ اورنج اور گرین لائن بی آر ٹی میں بھی خواتین کے لیے سفر ممکن بنایا جا رہا ہے۔

شرجیل میمن نے مزید کہا کہ نئے سال میں عوام کو اضافی سہولیات فراہم کی جائیں گی اور کسی کو سرکاری زمینوں پر قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

معاشرتی رویوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پرتشدد رویے معاشرے کے لیے خطرناک ہیں اور قانون ایسے واقعات پر کارروائی کرے گا۔ انہوں نے سیکیورٹی کے حوالے سے بتایا کہ خفیہ اداروں اور سندھ پولیس نے کراچی کو بڑی تباہی سے بچایا، اور ایک کمسن بچی کو خودکش دھماکے کے لیے استعمال ہونے سے محفوظ کر لیا گیا۔

شرجیل میمن نے کہا کہ وزیراعظم کے اعلان کردہ 150 بسوں کے وعدے کے مطابق شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ کراچی کو جدید شہر بنایا جا سکے۔

مزیدخبریں