پاکستان، سعودی عرب کا زرعی برآمدات 3 ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق

04:51 PM, 30 Aug, 2026

اسلام آباد: پاکستان اور سعودی عرب نے زرعی و غذائی شعبے میں تعاون مزید بڑھانے اور پاکستانی زرعی و غذائی مصنوعات کی سعودی عرب کو برآمدات آئندہ دو سال میں 3 ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

مشترکہ اعلامیے کے مطابق چاول، سرخ گوشت، پھل، فروٹ کنسنٹریٹس اور سبز چارے کو ترجیحی شعبوں میں شامل کیا گیا ہے۔ دونوں ممالک نے پانی کے مؤثر استعمال پر مبنی جدید زرعی ٹیکنالوجیز میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان نے 2025 میں سعودی عرب کو تقریباً ایک لاکھ 69 ہزار ٹن چاول برآمد کیے، جن کی مالیت تقریباً 163 ملین ڈالر تھی۔ سعودی عرب نے پاکستان سے سرخ گوشت کی درآمد بتدریج دوگنا کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

پاکستان اس وقت سالانہ تقریباً 30 ہزار ٹن سرخ گوشت سعودی عرب کو فراہم کرتا ہے، جبکہ پھلوں اور فروٹ کنسنٹریٹس کی برآمدات بڑھانے کے امکانات پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔

دونوں ممالک نے نجی شعبوں کے درمیان کاروباری روابط اور سرمایہ کاری بڑھانے پر زور دیا۔ بھکر میں پانی کے مؤثر استعمال پر مبنی آبپاشی پروگرام کے پہلے مرحلے کی کامیابی کا بھی خیرمقدم کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق لائیو اسٹاک، ایگری فوڈ پراسیسنگ اور چاول کی ویلیو چین میں پاکستانی سرمایہ کاری کی تجاویز کا جائزہ لیا گیا، جبکہ زرعی تعاون سے متعلق مفاہمتوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے رابطہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

مزیدخبریں