لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کریوابلیشن مشینوں سے متعلق مزمل اسلم کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں کینسر کے مریضوں کو جدید اور مفت علاج کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کریوابلیشن مشین سے متعلق ویڈیو بھی ایکس پر پوسٹ کی۔ ان کے مطابق میو اسپتال لاہور میں 70 مریض پہلے ہی ان مشینوں سے مستفید ہو رہے ہیں، جبکہ مزید 5 مشینیں مختلف اسپتالوں کے لیے پہنچ چکی ہیں اور جلد اپنا کام شروع کر رہی ہیں۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر مزید 5 کریوابلیشن مشینیں خرید کر تنصیب کے لیے روانہ کردی گئی ہیں۔ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ لاہور کے لیے 2، جبکہ نشتر اسپتال ملتان، الائیڈ اسپتال فیصل آباد اور بے نظیر بھٹو اسپتال راولپنڈی کے لیے ایک، ایک مشین بھیجی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں پہلی بار کریوابلیشن مشین 2025 میں میو اسپتال لاہور میں متعارف کرائی گئی، جہاں اسٹیج ون کینسر میں مبتلا 70 سے زائد مریضوں کا کامیابی سے مفت علاج کیا جاچکا ہے۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق پنجاب حکومت سالانہ 5 ارب روپے مریضوں کے علاج پر خرچ کر رہی ہے اور کینسر کے بروقت و مؤثر علاج کی سہولت پنجاب بھر کے مریضوں کے لیے یقینی بنائی جا رہی ہے۔
مزمل اسلم کو جواب دیتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ لکھنے سے پہلے حقائق چیک کرلینے چاہئیں۔ انہوں نے خیبر پختونخوا کی کارکردگی پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے پوچھا کہ وہاں 17 سال میں کیا کارنامے سرانجام دیے گئے ہیں۔