لارڈز ٹیسٹ: انگلینڈ کی دوسری اننگز میں 7 وکٹیں گر گئیں، برتری 357 رنز تک پہنچ گئی

03:02 PM, 30 Aug, 2026

لارڈز : لندن میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز کا اختتام انگلش ٹیم کی 7 وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز کے ساتھ ہوا۔ کم روشنی کے باعث امپائرز نے دن کا کھیل قبل از وقت ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔

انگلینڈ کو پاکستان پر مجموعی طور پر 357 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ کھیل روکے جانے کے وقت ڈین لارنس 50 رنز پر موجود تھے، جبکہ اولی رابنسن نے 2 رنز بنا رکھے تھے۔

پاکستانی بولرز میں محمد عباس سب سے کامیاب رہے، جنہوں نے انگلینڈ کی 3 وکٹیں حاصل کیں۔ خرم شہزاد اور محمد علی نے بھی شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

تیسرے روز انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز 81 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی۔ پاکستانی گیند بازوں نے دن بھر انگلش بلے بازوں پر دباؤ برقرار رکھا اور مزید چار وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

میچ کی پہلی اننگز میں انگلینڈ نے 290 رنز اسکور کیے تھے۔ جواب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن ایک مرتبہ پھر مشکلات سے دوچار ہوئی اور پوری ٹیم 37.2 اوورز میں محض 110 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کے کم اسکور کے باعث انگلینڈ کو پہلی اننگز میں 180 رنز کی واضح برتری حاصل ہوئی، جسے میزبان ٹیم نے دوسری اننگز میں مزید مستحکم کرلیا ہے۔

اب میچ کے چوتھے روز پاکستان کی کوشش ہوگی کہ انگلینڈ کی باقی ماندہ وکٹیں جلد حاصل کرکے ممکنہ ہدف کو کم سے کم رکھا جائے، جبکہ انگلینڈ ایک بڑا ہدف دے کر میچ پر اپنی گرفت مزید مضبوط بنانے کی پوزیشن میں ہے۔

مزیدخبریں