پاکستان کی معاشی مضبوطی کیلئے برآمدات میں اضافہ ناگزیر ہے: لاہور چیمبر

نوجوانوں کو عالمی سطح کے ایکسپورٹرز بنانے کیلئے عملی تربیت اور حکومتی و کاروباری تعاون ضروری قرار

10:16 AM, 30 Aug, 2026

لاہور: لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے ایکسپورٹ نے اپنی ایک سالہ کارکردگی پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی کا انحصار برآمدات میں اضافے پر ہے، اس مقصد کے لیے حکومت کو بزنس کمیونٹی سے مؤثر مشاورت کرنی چاہیے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کمیٹی کے نمائندے میاں شعیب بٹالوی نے کہا کہ نوجوانوں کو صرف ملازمتوں تک محدود رکھنے کے بجائے انہیں عالمی سطح کے ایکسپورٹرز بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو عالمی منڈی سے جوڑ کر پاکستان کی ایکسپورٹ اکانومی کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان سکول آف ایکسپورٹ نوجوانوں کو بین الاقوامی تجارت، کسٹمز اور لاجسٹکس کے شعبوں میں عملی تربیت فراہم کر رہا ہے۔ ان کے مطابق یہ ادارہ نوجوانوں کو عالمی مارکیٹ تک رسائی کے لیے تیار کرنے کا ایک منفرد پلیٹ فارم ہے۔

میاں شعیب بٹالوی نے کہا کہ برآمدات بڑھانے اور نئے ایکسپورٹرز کی حوصلہ افزائی کے لیے حکومت اور بزنس کمیونٹی کے درمیان مؤثر رابطہ ناگزیر ہے۔ پالیسی سازی میں کاروباری طبقے کی تجاویز کو شامل کرکے برآمدی شعبے کے مسائل زیادہ مؤثر انداز میں حل کیے جا سکتے ہیں۔

پریس کانفرنس کے شرکاء نے کہا کہ پاکستان کو مضبوط ایکسپورٹ اکانومی بنانے کے لیے حکومت، کاروباری برادری اور نوجوانوں کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔ نوجوانوں کو عالمی مارکیٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرکے انہیں برآمدی سرگرمیوں کا حصہ بنایا جا سکتا ہے۔

تقریب میں لاہور چیمبر کے نائب صدر خرم لودھی، حسن سپرا، ڈاکٹر افضل، حمزہ ندیم، آمنہ، مختلف ایکسپورٹرز اور پاکستان سکول آف ایکسپورٹ کے طلبہ نے شرکت کی۔

مزیدخبریں