پنجاب کے آئی ٹی شعبے میں چینی کمپنی کی سرمایہ کاری پر نظریں

10:56 AM, 30 Aug, 2026

بیجنگ: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے چین کی معروف کمپنی کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی، جس میں کمپنی نے پنجاب کے آئی ٹی سیکٹر میں تعاون اور سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران مصنوعی ذہانت کے مختلف شعبوں میں استعمال، خصوصاً زراعت، ہیلتھ کیئر، سماجی و معاشی پروگرامز اور موسمیاتی پیش گوئی کے حوالے سے تجاویز پر غور کیا گیا۔ پبلک سروسز کے لیے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں سٹریٹجک شراکت داری کے امکانات بھی زیر بحث آئے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں حکومتی نظام کو مصنوعی ذہانت سے منسلک کیا جا رہا ہے اور صوبائی حکومت جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو ترجیح دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب اے آئی کے فروغ کے لیے اہم اقدامات کرنے والا صوبہ بن چکا ہے، جبکہ سرکاری اسکولوں کے طلبہ کو مصنوعی ذہانت کی تعلیم دینے کے منصوبے پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔

مریم نواز کے مطابق پنجاب میں نوجوان اور ہنرمند افرادی قوت موجود ہے اور صوبہ ڈیجیٹل معیشت کے میدان میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔ سرکاری افسران، اہلکاروں اور کابینہ ارکان کو بھی اے آئی ٹیکنالوجی کی تربیت فراہم کی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ نے مصنوعی ذہانت اور آئی ٹی کے شعبے میں چینی تعاون کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوامی خدمات کو مزید مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔

ملاقات میں اوورسیز پاکستانیوں کے لیے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری منصوبوں اور ایس ایم ایز کے فروغ سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزیدخبریں