اسلام آباد: پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور یورپی یونین کی نائب صدر کاجا کالاس کے درمیان ہونے والی ٹیلیفونک گفتگو میں دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی اور علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر اہم اتفاقِ رائے پایا گیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے بدلتے ہوئے عالمی حالات میں معاشی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
یورپی یونین کی نائب صدر کاجا کالاس نے خطے میں امن و امان برقرار رکھنے کے حوالے سے پاکستان کی مسلسل کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں "قابلِ ستائش" قرار دیا۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں کسی بھی قسم کے تصادم کے خلاف ہے اور مسائل کا حل صرف مذاکرات اور روابط کے فروغ میں دیکھتا ہے۔
دونوں قائدین نے اسلام آباد میں ہونے والے پاک یورپی یونین بزنس فورم کو معاشی تعلقات کے لیے ایک سنگ میل قرار دیا، جس سے دونوں ممالک کے تاجروں کے مابین براہِ راست روابط بڑھیں گے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق، اس گفتگو میں علاقائی تنازعات کے نتیجے میں مرتب ہونے والے معاشی اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اسحاق ڈار اور کاجا کالاس نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مستقبل میں بھی پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان اعلیٰ سطح کے روابط کا تسلسل برقرار رکھا جائے گا تاکہ مشترکہ چیلنجز کا مل کر مقابلہ کیا جا سکے۔
پاکستان اور یورپی یونین کا علاقائی استحکام کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق؛ نائب وزیراعظم اور کاجا کالاس کا اہم رابطہ
12:54 PM, 30 Apr, 2026