پی ایس ایل 10: لاہور کا جاندار آغاز، 209 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا

10:16 PM, 30 Apr, 2025

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے 19ویں مقابلے میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف بیٹنگ کا جادو جگاتے ہوئے 209 رنز بنا ڈالے۔ یہ سنسنی خیز میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا گیا۔

اسلام آباد نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا، مگر لاہور کے بلے بازوں نے فیصلہ غلط ثابت کر دیا۔

ابتدائی جوڑی فخر زمان اور محمد نعیم نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے پاور پلے میں 50 رنز جوڑے۔ نعیم 22 گیندوں پر 25 رنز کی مختصر مگر جارحانہ اننگز کھیل کر رن آؤٹ ہو گئے۔ فخر نے 30 گیندوں پر 44 رنز کی مفید اننگز کھیلی، جس میں 5 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

فخر نے عبداللہ شفیق کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 47 رنز کی ساجھے داری کی، لیکن عماد وسیم نے قلندرز کی پیش قدمی کو روکتے ہوئے دونوں بلے بازوں کو میدان سے واپس بھیجا۔ عبداللہ نے 17 گیندوں پر 22 رنز بنائے۔

بعد ازاں سیم بلنگز اور ڈیرل مچل نے 21 گیندوں پر 37 رنز جوڑ کر اسکور بورڈ کو مزید تقویت دی۔ مچل 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس میں دو دو چوکے اور چھکے شامل تھے۔

آخری لمحات میں سکندر رضا اور سیم بلنگز نے برق رفتاری سے رنز بٹورے۔ دونوں کے درمیان 64 رنز کی اہم شراکت قائم ہوئی۔ رضا نے صرف 17 گیندوں پر 3 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 39 رنز بنائے، جب کہ بلنگز 38 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

اسلام آباد کی جانب سے عماد وسیم اور جیسن ہولڈر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، جب کہ ڈوارشویس کو ایک کامیابی ملی۔

مزیدخبریں