پاکستان ڈیجیٹل سرمایہ کاری کیلئے بہترین ملک ہے، وزیراعظم شہباز شریف

12:58 PM, 30 Apr, 2025

اسلام آباد  :  وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی بڑی آبادی اور نوجوانوں کی بھرپور صلاحیتوں کی وجہ سے ملک ڈیجیٹل سٹارٹ اپس اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے خطے میں سب سے موزوں جگہ بن چکا ہے۔

ڈیجیٹل تعاون تنظیم (DCO) کی سیکرٹری جنرل دیمہ بنت یحییٰ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دنیا بھر سے جدید ٹیکنالوجی کے ماہرین اور سرمایہ کاروں کا پاکستان میں جمع ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان ڈیجیٹل دنیا میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارتیں سکھانے اور انہیں روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے مختلف منصوبے شروع کر رہی ہے تاکہ وہ ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر سکیں۔

وزیراعظم نے بتایا کہ حکومت نے کاروبار دوست پالیسیاں بنائی ہیں جن کے تحت نہ صرف سرمایہ کاروں کو سہولت دی جا رہی ہے بلکہ جدید ٹیکنالوجی بھی ملک میں لائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ترقی اب ایک عالمی حقیقت ہے اور پاکستان اس تبدیلی کا بھرپور حصہ بننے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہا ہے۔

ڈیجیٹل تعاون تنظیم کی سیکرٹری جنرل نے پاکستان میں ڈیجیٹل سرمایہ کاری سے متعلق پہلے فورم کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ پاکستان کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گی۔ اس ملاقات میں وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ، وزیراعظم کے مشیر توقیر شاہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔

مزیدخبریں