پاکستانی ائیر فورس کی بروقت اور مستعد کاروائی ، انڈین رافیل طیارے بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر راہ فرار اختیار کر گئے

12:07 PM, 30 Apr, 2025

اسلام آباد : 29 اور 30 اپریل کی درمیانی رات بھارتی فضائیہ کے چار رافیل طیارے مقبوضہ جموں و کشمیر کی فضائی حدود میں گشت کرتے دکھائی دیے، تاہم وہ اپنی سرحد کے اندر ہی رہے۔ یہ اقدام بھارت کی طرف سے جارحیت کا اشارہ سمجھا گیا۔

جیسے ہی بھارتی طیارے فضا میں سرگرم ہوئے، پاکستانی فضائیہ نے فوری ردعمل دیتے ہوئے نہ صرف انہیں ٹریک کیا بلکہ اپنی نگرانی اور دفاعی تیاری کو فوری طور پر فعال کر دیا۔ پاکستانی طیاروں کی تیز اور مؤثر موجودگی نے بھارتی پائلٹس کو الجھن میں ڈال دیا، جس کے بعد وہ واپس اپنی حدود میں لوٹنے پر مجبور ہو گئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فضائیہ ہر لمحہ چوکس ہے اور کسی بھی حملے کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ ماہرین نے بھارت کی اس حرکت کو غیر ذمہ دارانہ اور خطے کے امن کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔

پاکستان نے عالمی برادری کو ایک بار پھر یہ واضح پیغام دیا ہے کہ وہ اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور کسی بھی جارحیت کا فوری اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔

مزیدخبریں