دبئی: جیٹکس 2025 ایکسپو کا آغاز دبئی میں ہو گیا، جس میں پاکستانی پویلین کا افتتاح پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان نے کیا۔ اس عالمی نمائش میں پاکستان کا 35 رکنی وفد شریک ہو رہا ہے، جس کی قیادت پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان کر رہے ہیں۔ اس وفد میں پاکستان کے مختلف صوبوں کے نمائندے، یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز، ڈائریکٹرز اور نجی یونیورسٹیز کے صدور شامل ہیں۔
پاکستانی پویلین میں 12 یونیورسٹیز حصہ لے رہی ہیں جن میں سپیریئر یونیورسٹی لاہور، پشاور سٹی یونیورسٹی، پریسٹن یونیورسٹی اسلام آباد اور دیگر معروف تعلیمی ادارے شامل ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد پاکستان کی تعلیمی صلاحیتوں کو دنیا کے سامنے لانا ہے اور ہم فخر کے ساتھ اپنی تعلیمی قوت کو دنیا بھر میں پیش کریں گے۔
پاکستانی پویلین کا مقصد نہ صرف ملک کے تعلیمی معیار کو اجاگر کرنا ہے بلکہ نئی تعلیمی شراکت داریوں کی تشکیل اور موجودہ تعلقات کو مضبوط بنانا ہے۔ اس نمائش کے ذریعے پاکستان میں تعلیم اور تحقیق کے شعبے کی کامیابیوں کو دنیا کے سامنے لایا جائے گا، اور یو اے ای میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو پاکستانی تعلیمی اداروں کے بارے میں براہ راست معلومات فراہم کی جائیں گی۔