اسلام آباد: امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں اس ہفتے درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، جو دنیا بھر میں گرمی کا نیا ریکارڈ بن سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کے جنوبی اور وسطی علاقوں میں گرمی کی شدت غیر معمولی ہو سکتی ہے۔ اگر درجہ حرارت 50 ڈگری کو چھو گیا تو یہ 2018 میں نواب شاہ میں بننے والے گرمی کے ریکارڈ کے برابر ہوگا، جب اپریل میں پارہ 50 ڈگری تک پہنچا تھا۔
ادھر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یکم مئی سے مغربی ہواؤں کا ایک سسٹم ملک کے شمالی علاقوں میں داخل ہو گا جو 5 مئی تک اثر انداز رہے گا۔ اس دوران کچھ علاقوں میں بارش بھی ہو سکتی ہے، خاص طور پر شمال مشرقی پنجاب میں نمی کی لہریں داخل ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ شدید گرمی سے بچنے کے لیے احتیاط کریں، دھوپ میں بلا ضرورت باہر نہ نکلیں، زیادہ سے زیادہ پانی پئیں، اور خود کو ٹھنڈا رکھنے کی کوشش کریں۔