محسن نقوی کا ترقیاتی منصوبوں کا دورہ، مری روڈ انڈر پاس وقت پر مکمل کرنے کی ہدایت

10:58 AM, 30 Apr, 2025

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے رات گئے اسلام آباد کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا اور جناح سکوائر مری روڈ انڈر پاس کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

محسن نقوی نے انڈر پاس منصوبے پر جاری کام کا جائزہ لیا اور کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کو ریکارڈ مدت میں مکمل کیا جائے تاکہ عوام جلد از جلد اس کے فائدے حاصل کر سکیں۔

دورے کے دوران وزیر داخلہ نے شاہین چوک، مارگلہ روڈ اور فیض آباد انٹرچینج کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ جناح سکوائر سے فیض آباد چوک تک کی سڑک کو ایک ماڈل روڈ بنایا جائے، جس میں جدید روشنیوں اور خوبصورت لینڈسکیپنگ کا خاص خیال رکھا جائے۔

محسن نقوی نے کہا کہ مارگلہ روڈ پر ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے شاہین چوک کو مرحلہ وار سگنل فری بنایا جائے گا، جبکہ فیض آباد انٹرچینج کو بھی کشادہ کیا جائے گا تاکہ اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان آمد و رفت مزید آسان ہو۔ اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انڈر پاس پر کام تیزی سے جاری ہے اور شاہین چوک پر انڈر پاس بننے سے ٹریفک کا دباؤ واضح طور پر کم ہوگا۔

مزیدخبریں