پاکستان اور بھارت کشیدگی نہ بڑھائیں ،ترجمان امریکی محکمہ خارجہ

10:51 AM, 30 Apr, 2025

واشنگٹن : پہلگام واقعے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال پر امریکہ نے دونوں ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ معاملے کو مزید خراب نہ کریں اور تحمل سے کام لیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے پریس بریفنگ میں کہا کہ امریکہ اس معاملے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور پاکستان و بھارت دونوں سے رابطے میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن کی خواہش ہے کہ دونوں ممالک کشیدگی کو بڑھانے کے بجائے کوئی ذمہ دارانہ حل نکالیں۔

انہوں نے بتایا کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو جلد پاکستان اور بھارت کے وزرائے خارجہ سے بات کریں گے تاکہ بات چیت کے ذریعے صورتحال کو سنبھالا جا سکے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیر خارجہ دیگر عالمی رہنماؤں سے بھی کہہ رہے ہیں کہ وہ پاکستان اور بھارت سے رابطہ کر کے حالات کو بہتر بنانے میں کردار ادا کریں۔ ترجمان کے مطابق اس وقت سب سے ضروری بات یہی ہے کہ سفارتی سطح پر رابطے مؤثر ہوں اور کشیدگی میں کمی آئے، کیونکہ دنیا اس صورتحال کو بغور دیکھ رہی ہے۔

یاد رہے کہ پہلگام میں بھارتی سیاحوں کی ہلاکت کے بعد دونوں ممالک میں تناؤ بڑھا ہے اور بھارت کی طرف سے سخت بیانات و اقدامات سامنے آئے ہیں، جن کے جواب میں پاکستان نے بھی واضح مؤقف اختیار کیا ہے۔

مزیدخبریں