یو اے ای میں نئی ویزا کیٹیگریز کا اعلان، مصنوعی ذہانت اور لیژر بوٹس کے ماہرین شامل

04:37 PM, 29 Sep, 2025

ریاض:متحدہ عرب امارات کی وفاقی اتھارٹی برائے شہریت، کسٹمز اور پورٹ سیکیورٹی (آئی سی پی) نے 29 ستمبر کو ویزا قوانین میں اہم ترامیم کرتے ہوئے چار نئی وزٹ ویزا کیٹیگریز متعارف کروا دی ہیں۔ ان نئی کیٹیگریز میں مصنوعی ذہانت، تفریح، ایونٹس، کروز شپ اور لیژر بوٹس کے ماہرین شامل ہیں۔

نئے قواعد کے مطابق انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ایک سال کا رہائشی پرمٹ جاری کیا جائے گا، جسے مخصوص شرائط کے تحت توسیع دی جا سکتی ہے۔ غیر ملکی بیوہ یا مطلقہ خواتین کو بھی ایک سالہ رہائشی پرمٹ دیا جائے گا، جس کی تجدید ممکن ہوگی۔

وزٹ ویزا اسپانسر کو اجازت دی گئی ہے کہ وہ تیسرے درجے تک کے دوست یا رشتہ دار کو اسپانسر کر سکے، بشرطیکہ اسپانسر کی آمدنی اس کے لیے موزوں ہو۔ بزنس ایکسپلوریشن ویزا کے لیے مالی استحکام ضروری ہوگا تاکہ درخواست گزار ملک میں نئی کمپنی قائم کر سکے یا بیرون ملک کمپنی میں شراکت داری کا ثبوت دے سکے۔

ٹرک ڈرائیور ویزا کے لیے اسپانسر کی موجودگی، صحت اور مالی ضمانتیں لازمی ہوں گی۔ ہر ویزا کی مدت اور اس کی تجدید کی شرائط کے لیے تفصیلی شیڈول بھی جاری کیا گیا ہے۔

مارچ 2025 میں دبئی نے ملک بدری اور سفری پابندیوں کے حوالے سے نئے قوانین نافذ کیے تھے، جن کا مقصد قانونی پیچیدگیوں کو ختم کرنا اور ملک بدری کے فیصلے موثر بنانا ہے۔

مزیدخبریں