فیصل آباد: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فیصل آباد میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پر بلاوجہ تنقید کرنے والے کبھی بھی اس کا حق چھین نہیں سکتے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی پنجاب کے معاملات پر بات کرے گا تو وہ اسے چھوڑے گی نہیں اور ضرورت پڑی تو گھر تک چھوڑ کر آئیں گی۔
مریم نواز نے سوال اٹھایا کہ اگر پنجاب نہریں نکالنا چاہتا ہے تو دوسروں کو اس بات سے کیوں تکلیف ہوتی ہے؟ پانی، پیسہ اور صوبہ سب پنجاب کا ہے، تو پھر دوسروں کو کیوں اعتراض ہے؟ انہوں نے کہا کہ پنجاب نے کبھی بھی دیگر صوبوں کے معاملات میں مداخلت نہیں کی اور اب بھی دوسروں کو چاہیے کہ پنجاب میں مداخلت سے باز رہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ تنقید کو مثبت لیتی ہیں لیکن پنجاب پر انگلی نہیں اٹھنے دیں گی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا نے ایسے لوگوں کو دیکھ لیا ہے جو صرف دکھاوا کرتے ہیں، اور پنجاب نے بلوں پر عوام کو ریلیف دیا تو مخالفین نے جا کر آئی ایم ایف سے شکایت کی۔
مریم نواز نے کہا کہ ہر مسئلے کا حل صرف بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام نہیں ہے، بلکہ صوبے کو اس کا حق دینے کے لیے مشورے اور اجازت ضروری ہے۔ انہوں نے مخالفین کو پیغام دیا کہ پنجاب میں انہیں کوئی منفی چیز نہیں ملتی، اور جلد فیصل آباد میں جلدمیٹروبس منصوبے کی تعمیر شروع ہو جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں یورپ معیار کی بسیں چل رہی ہیں اور ڈیفالٹ کی باتیں ختم ہو چکی ہیں، اب نیت کا سوال ہے۔